کوئٹہ(خ ن)بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے خاتون صوبائی محتسب طاہرہ بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ طاہرہ بلوچ کی قیادت میں صوبے میں خواتین کے مسائل کے حل اور صنفی انصاف کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی نظام مزید مضبوط ہوگا۔ملاقات کے دوران خواتین کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خواتین کو درپیش چیلنجز، جن میں انصاف تک رسائی، کام کی جگہ پر ہراسانی، صنفی بنیادوں پر تشدد، سماجی و معاشی خودمختاری میں حائل رکاوٹوں اور دیگر امور پر گفتگو کی۔کرن بلوچ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین اور پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے آگاہی مہمات، شکایات کے مؤثر نظام، اور ادارہ جاتی ردِعمل کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ طاہرہ بلوچ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محتسب کے دفتر کا بنیادی مقصد خواتین کو درپیش ناانصافیوں اور ہراسانی کے خلاف مؤثر داد رسی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو ایک محفوظ، قابلِ رسائی اور بااعتماد پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں وہ بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔