• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ پشاور کے ملازمین کی عدم ادائیگی تعلیم دشمنی ہے، صابر حسین اعوان

پشاور(اے پی پی)سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے جنرل سیکرٹری صابر حسین اعوان نے کہا ہے کہ اس وقت پشاور میں واقع عظیم مادر علمی جامعہ پشاور شدید مالی بحران کا شکار ہے اور حالات اس حد تک خراب ہوچکے ہیں کہ جامعہ کے ملازمین کو ماہ فروری کے بقایاجات اور مارچ کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگیاں بھی تاحال نہیں ہوئی ہیں ،جس سے یونیورسٹی ملازمین شدید مالی مسائل اور مشکلات سے دو چار ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران جنگ اور عالمی حالات کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافہ سے ملک میں مہنگائی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، ایسے میں حکومت جامعہ پشاور کے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن روک کر ان کا معاشی قتل عام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ علم کے پیشہ سے وابستہ ملازمین کی تنخواہیں روکنا ان کی پیشہ ورانہ وقار کو شدید متاثر کررہا ہے۔اس حوالے سے جامعہ پشاور ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی اور پرامن احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جس کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہرفورم پر ملازمین کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں درس وتدریس سے وابستہ ملازمین کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں شعبہ تعلیم سے وابستہ ملازمین کا استحصال ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کی جامعات کے مالی مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے، فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے اور جامعہ پشاور کے ملازمین کو ان کے بقایاجات فی الفور ادا کئے جائیں تاکہ طلبہ و طالبات کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔
پشاور سے مزید