پشاور (جنگ نیوز)پٹرول بحران کے بعد مہنگائی کی لہر سے تھیلی سیمیا اور خون کے موروثی امراض میں مبتلا بچے بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، بلڈ بیگز اور ادویات کی بڑھتی قیمتیں جہاں مریضوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں وہیں ادارہ کے اخراجات بھی بڑھے ہیں، ان خیالات کا اظہار فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی کی نئی لہر کے باعث بلڈ بیگز، ادویات، لیب کیمیکل، بلڈ سکریننگ کٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، مریضوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ اور دوپہر کے کھانے کی فراہمی سمیت دیگر اخراجات بھی بڑھ رہے ہیں، ادارہ کے سالانہ اخراجات 8سے 10کروڑ روپے ہیں جن میں مہنگائی کی نئی لہر کے باعث مزید اضافہ ہوگا۔