پشاور(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج پشاور مرزا محمد کاشف نے حکم عدولی اور استغاثہ کے گواہوں کی مسلسل عدم پیشی پرچار پولیس اہلکاروں کو ایک، ایک ماہ قیداور ایک ،ایک ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں پولیس نے گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی میں سوار عبدالستار اور اس کے ساتھی کی جیب سے جعلی پاکستانی کرنسی اور جعلی سرکاری کارڈذ اور دستاویز برآمد کرکے ملزمان کے خلاف 4جنوری 2024کو مقدمہ درج کرلیا۔ بعدازاں ملزم عبدالستار ضمانت پررہاہوا جس کے بعد کیس کا ٹرائل شروع ہوا۔ عدالت نے کیس کے سرکاری گواہوں پولیس اہلکار جمال شاہ، قمر زمان ، عالمگیراور رفیق کو طلب کیاتاہم گواہان عدالت میں حاضر نہیںہوئے ۔متعدد نوٹس اور تنخواہوں کی قرقی کے باجود پولیس اہلکاروں کی عدم پیشی پر ان کو 174کے تحت نوٹس جاری کئے گئے جبکہ گزشتہ روز چاروں پولیس اہلکاروں کو ایک ایک ماہ قیداو رجرمانہ کی سزاسنادی۔ عدالتی حکم نامے میں قراردیاگیاکہ سی سی پی او پشاور چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کریں ۔ اس کے علاوہ جیل سپرٹنڈنٹ سے بھی پولیس اہلکاروں کی حوالگی کے حوالے سے رپورٹ مانگی گئی ہے۔