پشاور(جنگ نیوز)نامور محقق، دانشور، شاعر، ادبی رہنما اور ماہرِ تعلیم پروفیسر جہانزیب نیاز (تمغہ حسنِ کارکردگی) کے نام سے منسوب نمائندہ صوبائی ادبی تنظیم نیاز ادبی سنگر خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس نیاز ہائوس ڈی ایچ اے پشاور میں منعقد ہوا۔نیاز ادبی سنگر خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس کی صدارت نورالبشر نوید نے کی جبکہ نظامت کے فرائض فریدون خان نے انجام دیئے۔سنگر کے سرپرست ڈاکٹر کاظم نیاز نے واشنگٹن سے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق معروف کالم نگار، ڈرامہ نگار، ترقی پسند شاعر، ادیب اور دانشور نورالبشر نوید کے اعزاز میں ڈبگری بازار، شاہ قبول پشاور میں’’رنگا رنگ مازیگرے‘‘ کے عنوان سے 6 فروری کو ہونے والی تقریب کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس تقریب کو نیاز ادبی سنگر کے کامیاب پروگراموں کی ایک اہم کڑی قرار دیا۔ اجلاس میں ممتاز ادیبہ، شاعرہ، افسانہ نگار اور محققہ ڈاکٹر سلمیٰ شاہین (تمغہ امتیاز) کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر غور کیا گیا اور اس سلسلے میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔