• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی گھر، پل اڑا دیں گے، ٹرمپ، ایرانیوں کو گندی گالیاں، مہلت ایک دن بڑھا دی، امریکا سمیت دنیا بھر میں غم و غصے کی شدید لہر

واشنگٹن(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدید دباؤ کا شکار ‘ایرانیوں کو گالیاں نکالنی شروع کردیں اور دھمکی دی کہ منگل کا دن ایران کی تباہی کا دن ہوگا‘پیر کو آبنائے ہرمز نہ کھولی تو ایران میں بجلی گھروں ‘ پلوں کو اڑا کر رکھ دیں گے اور ان کے تیل پر قبضہ کرلیں گے‘ایران پر قیامت ٹوٹ پڑیگی ‘آج معاہدہ طے پانے کا قوی امکان ہے ‘ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے گرائے گئے ایف 15لڑاکا طیارے کے دوسرے اہلکارکو بازیارب کروالیا ہے‘ ٹرمپ نے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں بدھ تک توسیع بھی کردی ۔ دوسری جانب تہران نے ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ امریکا و اسرائیل کو بڑا سرپرائز دیں گے ‘ایرانی سیکورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران اپنے منصوبوں اور مخصوص اہداف کی فہرست کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کیلئے روس اور چین بھی یک زبان ہوگئے ‘ایران کی مسلح فوج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کاکہنا ہے کہ جنوبی اصفہان کے ایک متروک ہوائی اڈے پر امریکی فوج کا مبینہ ریسکیو آپریشن مکمل طور پر ناکام رہا، ریسکیو آپریشن کے دوران دو سی ون تھرٹی فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کردیئےگئے۔خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے بتایاکہ ہم ایک بار پھر دہراتے ہیںاگردوبارہ جارحیت ہوئی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا تو ہمارا جواب اور زیادہ سخت ہوگا۔ دوسری جانب واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز اور ٹرانسپورٹ طیارے ہم نے خودگرائے تاکہ وہ دشمن کے ہاتھ نہ لگیں ۔ادھر عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے مذاکرات کیے ہیں ۔ اجلاس میں دونوں جانب کے ماہرین نے بھی شرکت کی‘اس موقع پر متعدد تجاویز پیش کی گئیں‘دوسری جانب امریکی و اسرائیلی بمباری کے جواب میں ایران کے میزائل حملے جاری رہے‘ اسرائیل کے شہر دیمونا میں پیٹروکیمیکل سائٹس کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ ایران کے میزائل حملے میں وسطی اسرائیل میں قائم ڈرون فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ قطر، کویت ، متحدہ عرب امارات امارات اور بحرین سمیت خطے میں توانائی تنصیبات پر بھی ایران کے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہےجبکہ پاسدارانِ انقلاب نے امارات کی جبل علی بندرگاہ پر ایک اسرائیلی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ‘ادھریورپ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں ۔بغداد میں امریکی سفارت خانے نے اتوار کو بتایا کہ ایران نواز مسلح گروہوں نے گزشتہ رات عراق میں امریکی سفارتی تنصیبات پر دو حملے کیے ہیںجبکہ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل پر میزائل حملے جاری رہے تو اسرائیلی افواج ایرانی رہنماؤں کا پیچھا کر کے انہیں ہلاک کریں گی اور ایران کے اسٹریٹجک اثاثوں کو نشانہ بنائیں گی۔ دریں اثناء روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اوران کے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے مابین گفتگو کے بعد روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایران کے تنازعے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں رنگ لائیں گی۔ روس کا کہنا ہے کہ امریکا الٹی میٹم کی زبان ترک کر کے صورتحال کو مذاکرات کی پٹری پر واپس لا کراپنا مثبت کردار ادا کر سکتا ہے‘ادھرصدرٹرمپ نے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں 24 گھنٹے کی توسیع کر دی ہے۔ یہ الٹی میٹم ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے کسی معاہدے پر راضی ہونے یا پھر بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) پر تباہ کن حملوں کا سامنا کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔یہ نئی ڈیڈلائن پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے بنتی ہے ۔ٹرمپ نے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں نئی ٹائم لائن کی تصدیق کی۔ انہوں نے اخبارکو بتایاکہ ہم بہت مضبوط پوزیشن میں ہیں اور اگر وہ خوش قسمت رہے تو اس ملک کو دوبارہ تعمیر ہونے میں20سال لگیں گے بشرطیکہ ان کا کوئی ملک باقی بچےاوراگر انہوں نے منگل کی شام تک کچھ نہ کیا تو ان کا کوئی بجلی گھر اور کوئی پل سلامت نہیں رہے گا۔فاکس نیوز کو انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیاکہ انہوں نے ایرانی مذاکرات کاروں کو "موت سے استثنیٰ" دیا ہے اور کہا کہ وہ اس بات کوتسلیم کرچکے ہیں کہ تہران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی طرف نہیں بڑھے گا۔وہ اس نکتے پر اب بحث بھی نہیں کر رہے، یہ بہت آسان ہے۔ وہ پہلے ہی اسے تسلیم کر چکے ہیں، بلکہ زیادہ تر نکات تسلیم کیے جا چکے ہیں۔اے بی سی نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ تنازع "ہفتوں میں نہیں بلکہ دنوں میں" ختم ہو جانا چاہیے، لیکن خبردار کیا کہ تہران کے ساتھ کسی معاہدے کے بغیر امریکی کارروائی کے لیے کوئی بھی حد مقرر نہیں ہوگی۔امریکی صدرکا کہنا تھا کہ تہران پر فضائی حملوں میں متعدد ایرانی کمانڈرز مارے گئے ہیں‘ ٹرمپ کا کہناتھاکہ امریکا نے اس سال کے اوائل میں کردوں کے ذریعے ایرانی مظاہرین کو اسلحہ بھیجا لیکن میرا خیال ہے کہ کردوں نے وہ اسلحہ خود رکھ لیا ۔قبل ازیں صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انتہائی غلیظ زبان استعمال کرتے ہوئےلکھا کہ ــ’’اوپن دی فک اِن ،اسٹریٹ، یو کریزی باسٹرڈز‘‘۔ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ایران میں منگل کا دن بجلی گھروں اور پلوں کی تباہی کا دن ہوگا، جس کی کوئی مثال نہیں ملے گی!" ۔ان کے اس غیر مہذب لہجے پر امریکا کے اندر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ تہران نے اسے مسترد کرتے ہوئے ٹرمپ پر نیتن یاہو کے احکامات پر عمل کرنے کا الزام لگایا۔

اہم خبریں سے مزید