• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بھٹو کے 47 ویں یوم شہادت پر تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس موجود آج ہر اسٹریٹجک اثاثہ قائد ِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 47ویں یوم شہادت کے حوالے سے پیپلزپارٹی سٹی ایریا پی ایس 110ڈسٹرکٹ ساوتھ کے زیر اہتمام پی این ٹی کالونی گزری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے تیمور سیال، نجمی عالم، ڈاکٹر مزار اختیار بیگ، سعید مونی ، عمران بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں مئیر کراچی مرتضی وہاب نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ یہ قائدِ عوام ہی تھے جنہوں نے اِس سرزمینِ بے آئین کو 1973 میں پہلا متفقہ دستور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کی مخالفت کے باوجود ایٹمی پروگرام کا آغاز، پہلی لیبر پالیسی، پاک -چین دوستی کو مضبوط بنیادوں استوار کرنا، امتِ مسلمہ میں قائدانہ کردار اور عالمی سطح پر قوم کے وقار میں اضافہ بھی بھٹو شہید کے ویژن اور کاوشوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے نہ صرف ایک انقلابی جماعت پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، بلکہ بہت تیزی سے اسے ملک کی مقبول ترین جماعت بنایا، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کو1970کے انتخابات میں بڑی کامیابی بھی ملی۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا تدبر اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت میں پیپلز پارٹی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیربھٹو کے نامکمل مشن کو پایہ تکمیل پر پہچانے کیلئے پرعزم ہے، جو پاکستان کو ایک مضبوط جمہوری، وفاقی اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید