کراچی (اسٹا ف رپورٹر) آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ اور شان مسعود کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 15 گیند پہلے چھ وکٹ سے شکست دی اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ اسٹیو اسمتھ نے35 گیندوں پر53 رنز ایک چھکے اورسات چوکوں کی مدد سے بنائے، وہ حسن نواز کی وکٹ بنے۔ شان مسعود نے ناقابل شکست46 ناٹ آئوٹ رنز30 گیندوں پر بنائے جس میں دو چھکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ایشٹن ٹرنرچار رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاور پلے کے چھ اوورز میں ایک وکٹ پر83رنز بنے۔ صاحبزادہ فرحان نے32رنز14 گیندوں پر بنائے جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ جوش فلیپے15 گیندوں پر18، عرفات منہاس چھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ٹرمپ کارڈ ابرار احمد نے چار اوورز میں46اور عثمان طارق نے25رنز دیئے دونوں وکٹ سے محروم رہے۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی ۔ گلیڈی ایٹرز نے 7وکٹوں پر 166رنز بنائے ۔20 میں سے14اوورز اسپنرز نےکرائے۔