اسلام آباد (رانا غلام قادر)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی سبسڈی پیکیج کیلئے بلوچستان نے طے شدہ رقم جمع کرا دی ہے، باقی صوبے بھی جلد جمع کرائیں، مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کےجائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ اجلاس کو سبسڈی ی کی فراہمی پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےمسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے۔سبسڈی کی رقوم کی فراہمی کی فی الفور ہدایت کی جسکا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔