• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسپورٹرز متفق، کرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بین الاضلاعی اور شہری روٹس پر چلنے والے ٹرانسپورٹرز اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ وہ کرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے اور 28فروری2026کی سطح پر ہی برقرار رکھیں گے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پورے صوبے میں کرایوں کو منجمد کروا لیا، ساتھ ہی بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ایک سبسڈی پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سبسڈی سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام کو ریلیف ملے، ٹرانسپورٹرز کو پیکج دینے کا مقصد کرایوں میں اضافہ نہ ہو، خطے کی صورتحال کے باعث ضروری ہے کہ عوام بھی تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پوری قوم کو مسائل کو سمجھ کر خود بھی سادگی اپنانا ہوگی، بجلی، گیس اور پیٹرول کی بچت بہت ضروری ہے، ہمارے عوام باشعور ہیں، وہ خود صورتحال کو سمجھتے ہوئے مسائل کو سمجھ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ شہریوں، خاص طور پر کم آمدنی والے مسافروں کو، عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بڑھتے ہوئے سفری اخراجات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ٹرانسپورٹ سیکٹر کے عہدیداران نے پریس کانفرنس میں شرکت کی، جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئےپریس کانفرنس کے آغاز میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ملک بھر اور خاص طور پر صوبے میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد بھی دی ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ٹرانسپورٹرز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قومی مفاد میں حکومت کی ریلیف کوششوں کا ساتھ دیا۔بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے پر رضامندی ظاہر کی۔ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں میں کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنما حاجی تواب اور بین الاضلاعی آپریٹر شبر ملک شامل تھے، انہوں نے کہا کہ کرائے برقرار رکھنا مشکل معاشی حالات میں شہریوں کی مدد کے لئے ایک اجتماعی فیصلہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید