• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں متوقع بارش، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا، شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں مختلف اضلاع میں متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے،ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ حساس ڈھانچوں اور کھڑی فصلوں کے تحفظ کے لئے پیشگی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اپریل کو شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں سندھ حکومت نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید