• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7 اپریل کو ہونیوالے امتحانات قبول نہیں، فوری ملتوی کئے جائیں، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں بدترین بدنظمی اور ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 7اپریل سے ہونے والے امتحانات کسی صورت قبول نہیں کئے جاسکتے، فوری طور پر ملتوی کئے جائیں. اپنی رہائش گاہ پر آنے والے متاثرہ طلباء کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ میٹرک بورڈ کے امتحانات کامعاملہ محض انتظامی کمزوری نہیں بلکہ متعصبانہ سوچ کی عکاسی ہے جس کے تحت کراچی کے طلبہ و طالبات کو ہائر ایجوکیشن سے دور رکھنا اور انکی ترقی کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے۔ امتحان کی تاریخ میں صرف 2روز باقی ہیں جبکہ ابھی تک ایڈمٹ کارڈز جاری ہوئے نہ امتحانی مراکز فائنل ہیں اور نہ ہی انتظامات مکمل ہیں تو پھر کس بات کے امتحانات لئے جا رہے ہیں؟ چار لاکھ سے زائد طلبہ کو ایسے غیر یقینی حالات میں امتحانات دینے پر مجبور کرنا فیصلہ سازی نہیں بلکہ حکومتی ضد ہے، اور یہ ضد بچوں کے مستقبل پر مسلط کی جا رہی ہے، ہم یہ ہرگز ہونے نہیں دیں گے۔آفاق احمد نے کہا کہ یہ بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے، اسے بیوروکریسی کی نااہلی کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا، حکومت سندھ اور متعلقہ حکام کو بتانا پڑے گا کہ چار لاکھ سے زائد طلبہ اور ان کے والدین کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر کے آپ کون سی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں؟۔
اہم خبریں سے مزید