• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلے سے انصاف کو شکست، وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ام رباب چانڈیو کی سندھ کے ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کے خلاف جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ عدالتی فیصلے سے انصاف کو شکست ہوئی ہے جبکہ وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی ہے۔ تمام تر شواہد اور ثبوتوں کے باوجود مجرموں کو باعزت بری کیا جانا سوالیہ نشان ہے۔ ادارہ نور حق میں سندھ کی مظلوم بیٹی ام رباب چانڈیو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہر سطح پر ام رباب چانڈیو کے ساتھ کھڑی ہے،جاگیردارانہ و وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بدقسمتی سے وڈیروں کے نزدیک نہ قانون کی کوئی حیثیت ہے اور نہ عدالت کی۔ام رباب چانڈیو کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور عدالت سے رہائی پانے والے ملزمان نے دفعہ 144 کے باوجود فائرنگ کر کے قانون کی دھجیاں اڑائیں۔اگر قوم کی بیٹی ام رباب چانڈیو کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی مکمل ذمہ داری صوبائی حکومت کے سرپرستوں پر عائد ہوگی۔ اب وقت آ چکا ہے کہ سندھ میں وڈیروں اور جاگیرداروں کو لگام دی جائے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے، جس کے باعث صوبے میں جاگیردار اور وڈیرے بے خوف ہو کر دندناتے پھر رہے ہیں جو عناصر جاگیرداروں اور وڈیروں کی سرپرستی کرتے ہوئے حکومتی نظام چلا رہے ہیں، انہیں اب سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید