• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FIA کراچی کی کارروائی، UAE سے آنیوالی خاتون کو جبری جسم فروشی سے بچا لیا

کراچی(آئی این پی ) ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے یواے ای سے آنیوالی خاتون جبری جسم فروشی سے بچالیا۔ترکیہ جانے والے تین مسافر مشکوک سفری دستاویزات ہونے پر آف لوڈ کردیئے گئے ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کراچی میں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد کوششیں ناکام بنا دیں اور ایک خاتون کو جبری جسم فروشی کے چنگل سے بچا لیا۔ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات سے آنیوالی ایک خاتون کو انسانی اسمگلنگ اور جبری جسم فروشی کے نیٹ ورک سے بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اس گھناؤنے کاروبار میں محسن، انعم اور کاشف نامی ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ایک اور کارروائی میں ترکیہ جانے والے تین مسافروں کو مشکوک سفری دستاویزات ہونے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ان مسافروں کو زاہد اور مجیب نامی ایجنٹوں نے فراڈ کے ذریعے ویزے فراہم کیے تھے۔اسی طرح جعلی ترک ویزہ رکھنے پر ایبٹ آباد کے رہائشی امان اللہ خان کو بھی طیارے سے اتار دیا گیا، جس نے اعتراف کیا کہ اس نے ایجنٹ رضوان کے ذریعے یہ جعلی ویزہ حاصل کیا تھا۔ایف آئی اے نے گجرات کے رہائشی محمد عبداللہ کی مراکش کے راستے اٹلی اسمگل ہونے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
اہم خبریں سے مزید