اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی منظوری سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مختلف نوعیت کی چار علیحدہ نوٹی فکیشنز جاری کر دی ہیں جن میں افسران کی ریلیونگ، تقرری، بریت اور بڑی سزاؤں سے متعلق اہم فیصلے شامل ہیں۔ سی ایس ایس 2024 میں کامیاب افسروں کو ریلیو، ایک افسر بری جبکہ دوسرے کے خلاف بڑی محکمانہ کارروائی کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن نمبر 0643-C-IV/2026 کے تحت انسپکٹر کسٹمز (بی ایس-16) مس افراح تحیل، جو کلیکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمینٹ ایسٹ لاہور میں تعینات تھیں، کو سی ایس ایس 2024کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں شمولیت کے بعد 30 مارچ 2026 سے اپنی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ سول سروسز اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کریں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسر کو پاکستان کسٹمز ڈیپارٹمنٹ میں اپنے سابقہ عہدے پر واپسی یا لیئن کا کوئی حق حاصل نہیں ہوگا۔دوسری جانب نوٹیفکیشن نمبر 0654-IR-IV/2026 کے ذریعے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد میں تعینات انسپکٹر ان لینڈ ریونیو (بی ایس-16) مس امیمہ خان کو انٹرنل جاب پوسٹنگ (IJP) کے عمل کے تحت منتخب کرتے ہوئے 26 مارچ 2026 سے پرفارمنس الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس الاؤنس کا اطلاق سرکلر نمبر 6(96)S(BIC)/2013-14 مؤرخہ 06 مارچ 2015 میں درج شرائط کے مطابق ہوگا، جبکہ مقررہ شرائط ایک ماہ میںپوری نہ ہونے کی صورت میں الاؤنس ختم کر دیا جائے گا۔