پشاور( سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے 9اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے قافلے جی ٹی روڈ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے، ہر رکن اسمبلی کو پانچ سو کارکن لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعلی ہائو س پشاور میں وزیراعلی سہیل آفریدی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان، ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 9اپریل کو لیاقت باغ جلسے کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قافلے پشاور سے جی ٹی روڈ کے راستے روانہ ہوں گے، پبی، نوشہرہ، اکوڑہ خٹک، جہانگیرہ اور اٹک کے مقام ہر قافلے شامل ہوں گے ،اجلاس کو بتایا گیا کہ اگر پنجاب کی حدود میں داخل ہونے سے قبل روکا گیا تو اٹک کے مقام پر جلسہ کا انعقاد کیا جائیگا، اجلاس میں ہر ایم این اے اور ایم پی اے کو 5سو کارکن لانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔