پشاور ( آن لائن ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مردان اور سوات میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری خوراک کے خلاف سخت اقدامات کیے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک جوس انڈسٹری پر چھاپہ مارا اور کارروائی کرتے ہوئے 200 کارٹن سے زائد غیر معیاری جوس برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران جوس کی تیاری میں استعمال ہونے والا پیکجنگ میٹریل بھی ضبط کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مضر صحت جوس مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ مالک پر بھاری جرمانہ عائد کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب سوات میں فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایک کباب شاپ سے مضر صحت قیمہ بھی برآمد کیا۔ کارروائی کے دوران کباب شاپ کو سیل کر دیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے بھر میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔