پشاور(این این آئی)صوبائی وزیر برائے محنت، فیصل خان تراکئی کی زیر صدارت ورکر ویلفیٔر بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں حیات آباد کالونی انڈسٹریل اسٹیٹ کے نمائندگان نے وفد کے ہمراہ شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ اجلاس کے دوران نمائندگان نے کالونی میں درپیش مختلف مسائل، بالخصوص مالکانہ حقوق، غیر قانونی رہائش اور انتظامی امور سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مستحق افراد کو ان کے جائز مالکانہ حقوق فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کالونی میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ حقدار افراد کو ان کا حق ہر صورت دیا جائے۔صوبائی وزیر نے کالونیوں میں جاری بدعنوانی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے اور مافیاز کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ای ایس ایس آئی اور ورکر ویلفیٔر بورڈ میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔