پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم اسفندیار عزت کی زیرِ صدارت صوبائی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال، تعلیمی شعبوں میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی، خصوصاً تعلیمی بورڈز میں پرچہ جات کے لیک ہونے جیسے سنگین واقعات، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کے متاثر ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا ایک علمی اور فکری روایات کا امین صوبہ رہا ہے، مگر آج بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ مختلف اضلاع، خصوصاً جنوبی بیلٹ میں پیش آنے والے واقعات نے طلبہ وطالبات میں خوف وہراس پیدا کر دیا ہے، جس کے باعث تعلیمی اداروں میں حاضری متاثر ہو رہی ہے۔ ایک محفوظ تعلیمی ماحول ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے، جس کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ، تعلیمی نظام کی بہتری اور ایک پُرامن، دیانت دار اور علم دوست معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔