کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹ کے قریب موبائل مارکیٹ اور اورنگی ٹاؤن گارمنٹس کے کارخانے میں آگ لگ گئی ، فائر بریگیڈ نے دونوں مقامات پر آگ پر قابو پالیا،سامان جل گیا ، جانی نقصان نہیں ہوا ، تفصیلات کے مطابق موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور فائربریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ، ترجمان سینٹرل فائربریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح 5 بجکر 12 منٹ پر موصول ہوئی تھی، موبائل مارکیٹ کی دو دکانوں میں رکھے قیمتی موبائل فون اور دیگر سامان جل گیا، دریں اثنا اورنگی ٹاؤن 5 نمبر سیکٹر9G میں واقع گارمنٹس کے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نےدیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، کے ایم سی فائربریگیڈ کی 2 فائر ٹینڈرموقع پر پہنچ گئی اورفائربریگیڈ کے عملے نے آگ پرقابوپا لیا اس دوران کارخانے میں موجود بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا،فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جانی نقصان نہیں ہوا ۔