کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں نے کہا ہےکہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان نہ صرف ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے بلکہ اس نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں ایک کلیدی اور موثر کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے ،چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری ، علامہ بلال سلیم قادری ، علامہ بلال عباس قادری ، سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے یہ ثابت کیا کہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہونے کے ناطے وہ نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتا ہے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرتا ہے،شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر سفارتی ملک کے طور پر اُبھرا ہے پاکستان نے مسلم دنیا اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کرکے امن کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جنگ بندی کیلئے ثالثی کی کوششوں کا پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، دریں اثنا جما عت اہلنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری اور دیگر نے ایران امریکا کے مابین جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین سفارتکاری سے اپنی حیثیت منوائی ہے۔ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے فریقین کے مذاکرات ضروری ہے۔