• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا

پشاور(نامہ نگارخصوصی)صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم 2026 کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران صوبہ بھر میں 65 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 35500سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت 50 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ٹیمیں محفوظ انداز میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خیبر پختونخوا کا مشن صوبے کو پولیو سے مکمل طور پر پاک بنانا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال اب تک صوبے میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو کہ حکومتی کوششوں اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں انسداد پولیو پروگرام کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے، اور صوبہ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے والدین، اساتذہ، علما کرام اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوا کر اس قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کریں۔آخر میں وزیر صحت نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا نہ صرف پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھے گا بلکہ صحت کے شعبے میں دیگر صوبوں کے لیے ایک مثال بھی قائم کرے گا۔
پشاور سے مزید