• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقص کارکردگی پرایس ایچ اوارمڑ معطل، ڈی ایس پی صدر، 2 ایس ایچ اوز کو شوکاز

پشاور (کرائم رپورٹر)پشاور پولیس حکام نے عوامی شکایات اورناقص کارکردگی پرارمڑ ایس ایچ او معطل جبکہ دو تھانوں کے ایس ایچ اوز سے وضاحت طلب کرلی گئی ،گزشتہ روز سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت پولیس لائنز میں صدر ڈویژن پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس ہوا جس میں قبضہ مافیا، بھتہ خوروں، سود خوروں، سنیچرز، منشیات فروشوں اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز، جرائم پیشہ افراد کی دوبارہ گرفتاری سمیت دیگر جرائم کی روک تھام اور امن و امان قیام کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پولیس افسران کی کارکردگی کا الگ الگ جائزہ لیا گیا جس میں عوامی شکایات اور ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او ارمڑ کو معطل کردیا گیاجبکہ ناقص نگرانی پر ڈی ایس پی انویسٹی گیشن صدر سرکل جبکہ ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او انقلاب اور ایس ایچ او رحمان بابا کو شوکاز نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی گئی۔ سی سی پی او نے واضح کیا کہ کیپٹل سٹی پولیس پشاور میں سزا و جزا کے اصول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عائشہ گل ودیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے شناختی کارڈز بلاک کئے جائیں گے جس کیلئے نادرا سے رابطہ کیا جائے گا۔ سی سی پی او نے ہدایت جاری کی کہ اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید مو ثر بنایا جائے۔ مال مقدمہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی ہفتہ وار بنیادوں پر مختلف تھانوں کے اچانک دورے کرے گی، مال خانہ کا معائنہ کرے گی اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لےکر رپورٹ پیش کرے گی۔
پشاور سے مزید