• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا صوبہ جنگ زدہ، معذور افراد کیلئے خدمات کی ضرورت زیادہ ہے، وزیر صحت

پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان نے حیات آباد پشاور میں پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس سروسز کے پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر صحت نے آئی سی آر سی ٹیم کی خدمات اور مالی معاونت کو سراہا، جس کے ذریعے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس سروسز ایک مستحکم اور مکمل فعال ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے ادارے کے کردار کو سراہا جو معذور افراد کو آرتھوٹک اور پروستھیٹک خدمات فراہم کرتا ہے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ خلیق الرحمان نے کہا کہ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس سروسز نے اپنی فیلڈ میں سب سے زیادہ قابل اعتماد اور مستحکم ادارے کے طور پر خود کو ثابت کیا ہے اور بہترین خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا صوبہ جنگ زدہ ہے، جہاں معذور افراد کے لئے اس طرح کی خدمات کی ضرورت بہت زیادہ ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت کے قیام کے بعد انہوں نے اہم اقدامات کئے ہیں، جن میں ادارے کے لئے عمارت، جدید آلات، انسانی وسائل اور مالی معاونت شامل ہے اور پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس سروسز نہ صرف علاج فراہم کرتا ہے بلکہ معذور افراد کو زندگی بھر کی مہارتیں بھی دیتا ہے تاکہ وہ معاشرتی اور اقتصادی طور پر فعال ہو سکیں۔وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت اور صوبائی حکومت پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھو مٹکس سروسز کو ایک جدید اور مکمل فعال ادارہ بنانے کے لئے سنجیدہ طور پر کام کر رہے ہیں یہ ایک انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کہ ہم پشاور انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس سروسز کو ایک مضبوط اور مستحکم ادارہ بناتے ہوئے مستقبل کے لئے تیار کر رہے ہیں۔
پشاور سے مزید