پشاور(جنگ نیوز)ریسکیو1122 خیبرپختونخوا نے عیدالاضحیٰ کے پہلے دو دنوں کے دوران صوبہ بھر میں 1514 مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز میں بروقت امدادی خدمات فراہم کیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 شاہ فہدعیدالاضحی رپورٹ کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران 992 میڈیکل ایمرجنسیز میں مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔صوبہ بھر میں 321 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں زیادہ تر موٹر سائیکل حادثات شامل تھے۔ ریسکیو1122 ٹیموں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کیا۔اسی دوران مختلف اضلاع میں آگ لگنے کے 101 واقعات پیش آئے جن پر ریسکیو1122 کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے فوری رسپانس کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور نقصانات کو محدود کیا۔رپورٹ کے مطابق عید کے دو دنوں میں 56 دیگر ہنگامی واقعات، 32 جرائم سے متعلق واقعات اور 10 ڈوبنے کے واقعات میں بھی ریسکیو1122 نے خدمات فراہم کیں۔مختلف حادثات اور ایمرجنسیز میں مجموعی طور پر 1491 افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ 43 افراد جاں بحق ہوئے۔عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ریسکیو1122 نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر کے دریاؤں، ڈیموں اور سیاحتی مقامات پر عارضی واٹر ریسکیو کیمپس قائم کیے جہاں غوطہ خور، ریسکیو کشتیاں، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری آلات موجود رہے۔