پشاور(اے پی پی):صوابی کی تحصیل ٹوپی بٹاکڑہ پونٹیا کے مقام پر سیر و تفریح کیلیے آئے ہوئے دریائے سندھ میں پھنسے 12 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق تحصیل ٹوپی بٹاکڑہ پونٹیا کے مقام پر سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے 12 افراد دریائے سندھ میں پھنس گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122صوابی کنٹرول روم نے فوری طور پر واٹر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اویس بابر کی نگرانی میں واٹر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ وارانہ مہارت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دریائے سندھ میں پھنسے تمام 12 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ پھنسے ہوئے افراد میں کلابٹ کے رہائشی ذوالکفل ولد ممتاز، عبد الباسط ولد تہمان علی، حسین احمد ولد محمد سلام، شاہ فیصل ولد روشن خان، شیراز ولد عبد الربی، سید بلال ولد عامر جمال، عاصم علی ولد رشید افسر، افنان ولد عاصم علی، شھزاد ولد نور افسر، حماد احمد ولد قمر زمان، ناصر ولد نور رحمان اور ابو ذر ولد شاہد شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 صوابی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا ئوں اور نہروں کے قریب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور رات کے اوقات میں غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔