اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان کی معاونت سے امریکہ-ایران جنگ بندی؛ تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، پس پردہ سفارت کاری سے خام تیل 22 ڈالر سستا؛ مہنگائی کے خدشات میں کمی اور پاکستانی توانائی سیکٹر کیلئے نئی امیدیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پس پردہ سفارت کاری کے ذریعے خاموشی سے طے پانے والے امریکہ ایران جنگ بندی کے تاریخی معاہدے نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تقریباً 22 ڈالر فی بیرل کی نمایاں کمی کر دی ہے۔ اس پیش رفت نے توانائی کی منڈیوں کو فوری طور پر اربوں ڈالر کا ریلیف فراہم کیا ہے۔ پاکستان کی گیس انڈسٹری نے اس بریک تھرو کو عالمی تجارتی راستوں کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور ملک کے پیٹرولیم و گیس کے شعبے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ اس جنگ بندی کا سہرا، جزوی طور پر، پاکستان کی سفارتی ثالثی کے سر بندھتا ہے، جس نے رسد میں طویل تعطل کے ان خدشات کو ختم کر دیا ہے جنہوں نے بڑھتے ہوئے افراطِ زر (مہنگائی) کے دباؤ کے باعث عالمی معیشتوں کو شدید دباؤ میں ڈال رکھا تھا۔