• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان، مسجد کی غیر قانونی تعمیر، سفیر پاکستان کو لاعلم رکھا گیا

ٹوکیو(عرفان صدیقی) جاپان، مسجد کی غیر قانونی تعمیر، سفیر پاکستان کو لاعلم رکھا گیا ،پاکستانی سفیر نے تقریب میں شرکت سے قبل منتظمین سے قانونی تقاضوں پر معلومات حاصل کی تھیں ، پاکستانی سفارتخانے کا بیان تھا کہ منتظمین نے بتایا تھا تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کی گئی ہے،جاپان کے شہر کاواگوئے میں قائم “جامع مسجد رمضان” کا معاملہ اب ایک مقامی انتظامی تنازع سے نکل کر بین الاقوامی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ مسجد کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید کی شرکت کے بعد جاپانی، بھارتی اور اسرائیلی میڈیا نے اس معاملے کو نمایاں کوریج دی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف دعوے اور تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ رواں سال اپریل میں جامع مسجد رمضان کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان کے سفیر برائے جاپان عبد الحمید نے خصوصی شرکت کی۔ تاہم بعد ازاں کاواگوئے شہر کی میئر ہتسوئی موریتا نے ایک پریس کانفرنس میں مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مسجد اربن ڈویلپمنٹ کنٹرول ایریا میں مقامی قوانین کے مطابق ضروری اجازت نامے حاصل کیے بغیر تعمیر کی گئی، اس لیے اسے ایک غیر قانونی تعمیر قرار دیا جا رہا ہے۔ میئر نے واضح کیا کہ مقامی انتظامیہ اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کر سکتی اور اس معاملے کو قانونی طریقے سے حل کیا جائے گا۔ معاملے نے اس وقت مزید شدت اختیار کی جب جاپانی میڈیا کے ساتھ ساتھ بھارتی اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی اسے نمایاں انداز میں رپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ بعض بھارتی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے اس واقعے کو پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ مختلف پلیٹ فارمز پر غیر مصدقہ اور مبالغہ آمیز دعوے بھی گردش کرتے رہے۔