کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کھیل کے تینوں شعبے میں آؤٹ کلاس کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ گلیڈی ایٹرز کے تابڑ توڑ حملوں کے سبب راولپنڈیز پانچوں میچ میں بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پی ایس ایل میں دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے تھیں۔ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 183 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ناکام ٹیم 17.3اوورز میں121رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 وکٹ پر 182 رنز بنائے ۔ رائلی روسو 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انہوں نے42 گیندوں کا سامنے کیا، چھ چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ کپتان سعود شکیل نے 42 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 16 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کے اسکور میں پانچ چھکے شامل تھے، جہانداد خان نے 6 گیندوں پر 21 رنز اسکور کیے۔ جس میں دو چوکے اور دو چھکے بھی تھے۔ راولپنڈیز کی جانب سے بین سیئرز نے41رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عامر نے دو اور مبصر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں راولپنڈیز کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان محمد رضوان اننگز کی پہلی گیند پر کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اوپنر عثمان خواجہ بھی مزاحمت نہ کرسکے اور سات رنز پر گراؤنڈ چھوڑ گئے۔ یاسر خان نے 22رنز بنائے، انگلینڈ کے کھلاڑی ڈیرل مچل نے حریف بولروں کا مقابلہ کیا مگر وہ بھی دو چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے32 گیندوں پر30رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، عبد اللہ فضل نے20رنز بنائے، سیم بلنگز ایک رن بناسکے،82 کے اسکور پر سعود شکیل نے دو گیندوں پر ڈیرل مچل 30اور آصف آفریدی صفر کو آؤٹ کرکے میچ آسان کردیا۔ اسی اسکور پر سیم بلنگز سمیت تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ مبصر خان6، محمد عامر صفر پر آؤٹ ہوئے، سعد مسعود نے19گیندوں پرایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے31رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، بین سیئرز ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے جہاں داد خان، عثمان طارق اور سعود شکیل نے دو، دو جبکہ ابرار احمد اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک وکٹ لیا۔ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔