• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی، کوچنگ اسٹاف تبدیلی، کھلاڑیوں کے تحفظات، غیر ملکی کوچ کے حق میں

کراچی( نصر اقبال اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی کے حوالے سے قومی ٹیم کے سنیئر کھلاڑیوں کی جانب سے تحفظات کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے لئے غیر ملکی ہیڈ کوچ کی ضرورت ہے،تاہم ابھی تک ٹیم کے کسی کھلاڑی کی جانب سے باضابطہ تشویش کا اظہار نہیں کیا گیا ہے،کھلاڑی ہیڈ کوچ کے ساتھ غیر ملکی فزیکل ٹرینر کے حق میں بھی ہیں،دریں اثناءقومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور سنیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ اسی طرح کی ٹیم تیار کرے جس طرح ہمارے دور کی ٹیمیں تھی، اپنی تقرری کے بعد جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی نہیں، اچھی نظروں کی کمی کے باعث ہم مشکلات کا شکار ہیں،کئی باصلاحیت کھلاڑی ماضی میں نظر انداز ہوئے اب میرٹ پر سلیکشن کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کے لئے قومی کیمپ اگلے ماہ لگایا جائے گا ابھی قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کھیلی جائے گی، ٹیم کے دیگر کوچز کے بارے میں نئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پی ایچ ایف کمیٹی کے مشترکہ چیئرمینز اصلاح الدین اور حسن سردار سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان اور قومی سنیئر ، جونیئر اور انڈر18ٹیموں کے آفیشلز کا اعلان کردیا،۔پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمینز اصلاح الدین، حسن سردار کی سفارشات پر پی ایچ ایف کے عبوری صدر محی الدین وانی نے فیصلوں کی منظوری دی، ایاز محمود کو ہیڈ کوچ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم جبکہ قمر ابراہیم ہیڈ کوچ پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم ہوں گے،سابق کپتان سمیع اللہ جنہیں پہلے ہی چیف سلکٹر مقرر کردیا گیا تھا،اب ان کی معاونت کے لئے نعیم اختر، کاشف جواد، محمد خالد، عاطف بشیر اور ناصر علی کو بطور سلیکٹر کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید