• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے ساتھ معاہدہ ہو یا نہ ہو ہم جیت چکے، ٹرمپ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہو یا نہ ہو ہم جنگ جیت چکے ہیں، اگر ایران کے ساتھ جاری مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو واشنگٹن کو کسی متبادل منصوبے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ہم نے انہیں مکمل طور پر شکست دے دی ہے ،امریکی صد رنے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جو کہ دنیا پر ہمارا احسان ہے،امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ 2 امریکی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر کر خلیج عرب پہنچ گئے ہیں،ان کے مطابق یہ دونوں جہاز بارودی سرنگیں صاف کرنے کے مشن پر تھے۔ایرانی خبررساں ادارے نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی بحری نقل و حرکت سے متعلق تنبیہ کے بعد آبنائے ہرمز کی طرف بڑھنے والے امریکی جنگی جہاز نے اپنا رخ موڑ لیا ، امریکا اور ایران کے مذاکرات میں پیش رفت رک گئی، برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر تعطل برقرار ہے۔صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بیک اپ پلان کی ضرورت نہیں، ایران کی فوج شکست کھا چکی ہے، ہم نے سب کچھ مربوط کر دیا ہے، ان کے پاس بہت کم میزائل رہ گئے ہیں اور ان کی پیداواری صلاحیت بھی محدود ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا خطرہ آبنائے ہرمز میں جہاز کے سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا جانا ہے جس سے بڑی تباہی ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک کے لیے کیا جا رہا ہے جو یہ کام خود کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر بارودی سرنگوں کا سراغ لگانے میں دشواری آبنائے ہرمز کھولنے میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں جو ایران نے بچھائی تھیں۔ توانائی بحران کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے اور دنیا میں معیشت کو اسی مشکلات کا سامنا ہے جیسا کورونا وبا کے دوران رہا۔نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد ایران نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے بے ترتیب انداز میں بارودی سرنگیں بچھائیں۔

اہم خبریں سے مزید