• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگز مین نے گیئر بدل لیا، 2 دن میں دوسری فتح، لیبوشین کی قائدانہ ففٹی

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ الیون میں حیدرآباد کنگز مین نے دو دن میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔کنگز مین نے گیئر تبدیل کرکے دھواں دھار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔ حیدرآباد کے آصف محمود نے آخری اوور میں 4 وکٹیں لیں۔چار مسلسل میچ ہارنے والی حیدرآباد کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ با آسانی چار وکٹ سے جیت لیا۔ ایک دن پہلے اس نے کراچی کنگز کو شکست دی تھی۔ اس کارکردگی کے بعد حیدرآباد کی ٹیم نے ٹاپ فور کے لئے پیش قدمی شروع کردی۔ میچ کا فیصلہ گیارہ گیندیں پہلے ہوگیا۔ کپتان مارنس لیبو شین نے53گیندوں پر61رنز چھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ گلین میکسویل نے9گیندوں پر21 رنز دو چھکوں اور ایک چوکوں کی مدد سے بنائے۔ پچ آسان نہ تھی لیکن حیدرآباد کے کپتان نے جیت کو آسان کردیا۔ چار وکٹ گرنے کے بعد لیبوشین اور گلین میکسویل نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔ بیٹنگ کے بعد بولنگ لائن اپ بھی اسلام آباد کو میچ میں واپس لانے میں ناکام رہی۔ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں معاذ صداقت اور مارنس لیبوشین نےاپنی ٹیم کو29 گیندوں پر50رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ کرس گرین نے معاذ صداقت کی وکٹ حاصل کی۔ معاذ نے16 گیندوں پر30 رنز دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ دس اوورز میں اسکور ایک وکٹ پر81رنز تھا۔11.4 اوورز میں ایک سو رنز بنے۔ 110رنز پر صائم ایوب فہیم اشرف کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔ انہوں نے26 گیندوں پر35 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ دو گیندوں کے بعد عثمان خان ایک رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ اگلے اوور میں کرس گرین نے کوشل پریرا کو دو رن پر آؤٹ کردیا۔ کرس گرین اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ حیدرآباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آگئی ہے۔ اسلام آباد نے چھ میں سےتین میچ جیتے دو ہارے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا اس کے سات پوائنٹس ہیں اس کا تیسرا نمبر ہے۔ حیدرآباد کنگزمین کا اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ریگولر کپتان شاداب خان پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے،ان کی جگہ کرس گرین نے کپتانی کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 9وکٹ پر 153رنز بنائے۔اسلام آباد کی اننگز میں تین گیندوں پر دو بیٹسمین رن آؤٹ ہوئے۔جبکہ آصف محمود نے آخری اوور تین رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔اوپر تلے وکٹیں گرنے سے اننگز ہچکولے کھاتی رہی۔ابتدائی اوورز میں 52رنز پر کوئی وکٹ نہیں گرا جبکہ آخری اوور میں 101رنز بن سکے اس دوران 9وکٹ گرے۔اوپنر ڈیون کونوے نے سب سے زیادہ45رنز31گیندوں پر بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔مارک چیپمین نے30گیندوں پر42رنز بنائے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔سمیر منہاس نے22رنز13گیندوں پر اسکور کئےکونوے اور سمیر نے پہلی وکٹ پر56رنز بنائے۔محمد فائق نے14گیندوں پر18رنز کی اننگز کھیلی۔پانچ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔محمد فائق 18، حیدر علی 6، فہیم اشرف 5، عماد وسیم 2، مہران ممتاز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد علی نے26رنز دے کر 2 اور میکسویل نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔حنین شاہ نے 44اورصائم ایوب نے29رنز دیئے۔