• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل میں گالم گلوچ، نیتش رانا کو حد پار کرنے پر بھاری جرمانہ

چنئی (جنگ نیوز)آئی پی ایل 2026کے میدان میں اب گالم گلوچ کا تڑکا بھی لگ گیا ہے۔ چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دہلی کے بیٹر نیتش رانا اخلاقی حد پار کرنے پر اپنی 25 فیصد میچ فیس سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دہلی کو جیت کیلئے آخری دو اوورز میں 32 رنز درکار تھے اور کریز پر موجود ٹرسٹن اسٹبس نے نئے دستانے منگوائے، جس پر فورتھ امپائر نے انکار کر دیا۔ ڈگ آؤٹ میں بیٹھے نیتش رانا اس فیصلے پر آپے سے باہر ہو گئے اور امپائر کو سرِ عام انتہائی نازیبا کلمات کہہ ڈالے۔ اسٹمپ مائیک پر ریکارڈ ہونے والی بدزبانی پر ایکشن لیتے ہوئے میچ ریفری نے نیتش رانا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔ دوسری جانب چنئی کے کپتان رتوراج گائیکواڈ کی جیت کی خوشیاں بھی اس وقت ادھوری رہ گئیں جب سلو اوور ریٹ کے باعث ان پر 12 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ رتوراج رواں سیزن میں شبھمن گل اور شریاس ایئر کے بعد سزا پانے والے تیسرے کپتان بن گئے ہیں۔ دہلی کیپٹلز کو اس میچ میں 23 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں نیتش رانا کی بدزبانی ٹیم کے کسی کام نہ آئی اور وہ میچ ہارنے کے ساتھ ساتھ اپنی جمع پونجی سے بھی محروم ہو گئے۔