اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے، تاہم مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ دونوں فریقین نے اہم پیشرفت کا اعتراف کیا ہے اور صرف چند معاملات ابھی حل طلب ہیں، انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے کیونکہ پائیدار امن کا واحد راستہ بات چیت ہی ہے۔ اتوار کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ بظاہر مذاکرات کا بغیر معاہدہ ختم ہونا مایوس کن لگ سکتا ہے، لیکن یہ امر قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کئی اہم نکات پر متفق ہو چکے اور اختلافات اب محدود رہ گئے ، ایسے مواقع پر امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے کیونکہ سفارتی عمل وقت لیتا ہے، اور اس مرحلے تک پہنچ جانا کہ چند ہی نکات باقی رہ جائیں، بذاتِ خود ایک مثبت پیش رفت ہے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے ماحول کو فروغ دینے اور ان مذاکرات کی میزبانی کر کے اہم کردار ادا کیا، جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران دونوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس کی کاوشوں کو سراہا، جس سے آئندہ بھی اسلام آباد میں مذاکرات کے مزید ادوار کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، ایران اور دیگر ممالک کو چاہئے کہ چودہ روزہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد جاری رکھیں تاکہ سفارتکاری کو موقع مل سکے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نزدیک پاکستان کو ثالثی اور پرامن سفارتکاری کی پالیسی جاری رکھنی چاہئے اور عمران خان کے دور میں دئیے گئے اصول "امن کو ہاں، جنگ کو نہیں" کو خارجہ پالیسی کی بنیاد بنانا چاہئے۔