• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تل ابیب میں عوام سڑکوں پر، نیتن یاہو کیخلاف بڑا احتجاج، جنگ روکنے کا مطالبہ

تل ابیب (این این آئی)تل ابیب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر تمام جنگی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ʼʼجنگ روکو ʼʼاور ʼʼنسل کشی بند کروʼʼجیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ مسلسل جنگی صورتحال نے نہ صرف خطے بلکہ خود اسرائیل کے عوام کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، اس لیے اب امن کی طرف بڑھنا ضروری ہے۔دوسری جانب سابق اسرائیلی نائب چیف آف اسٹاف یائیر گولان نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو اس وقت شدید دبا میں ہیں اور وہ خود بھی جانتے ہیں کہ جنگ کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔ انہوںنے کہاکہ حقیقی فاتح کو بار بار اپنی کامیابی کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔یائیر گولان نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی پالیسیوں میں ناکام ہو چکی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو اقتدار سے الگ کر دیا جائے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ احتجاج اسرائیل کے اندر بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے اور آنے والے دنوں میں حکومت کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید