کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی نے جعلی امیگریشن اسٹیمپس اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی کارروائی کے دوران دو مسافروں تیمور احمد اور سید امان کو جنوبی کوریا روانگی کے دوران مشکوک سفری دستاویزات پر آف لوڈ کیا گیا۔ دوران جانچ مسافروں کے موبائل فونز سے واٹس ایپ چیٹس اور مالی لین دین کے شواہد برآمد ہوئے جن سے غیر قانونی امیگریشن اور جعلی دستاویزات کی تصدیق ہوئی۔تحقیقات کے دوران ایجنٹ آصف الرحمان سمیت دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے مسافر کا اصل پاسپورٹ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس برآمد ہوئے۔مزید کارروائی میں ملزم عمران کے ٹھکانے سے 44 پاسپورٹس جبکہ ملزم اسلم خان کے قبضے سے 61 پاسپورٹس اور بڑی تعداد میں جعلی امیگریشن اسٹیمپس برآمد کیے گئے۔حکام کے مطابق تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ ملزمان منظم نیٹ ورک کے تحت جعلی سفری ریکارڈ تیار کر کے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے۔ملزمان کے خلاف پریوینشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔