کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے میعاد ختم شدہ قومی شناختی کارڈز کی بروقت تجدید یقینی بنائیں، بصورت دیگر اضافی فیس یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔اعلامیے کے مطابق ایسے شہری جن کے پاس اب تک ب فارم موجود ہے، وہ فوری طور پر اسے قومی شناختی کارڈ میں تبدیل کروائیں۔ اسی طرح جن بچوں کا تاحال ب فارم نہیں بنوایا گیا، ان کے والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ب فارم حاصل کریں۔نادرا کے مطابق تمام شہری یہ اقدامات 30 جون 2026 سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی بھی ممکنہ اضافی چارجز سے بچا جاسکے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 30(1)(e) کے تحت جاری کی گئی ہیں اور اس پر عملدرآمد ہر شہری کے لیے ضروری ہے۔