اسلام آباد(آئی این پی ) ماہرین نے موبائل فون صارفین کو ایک نئے اور خطرناک سائبر فراڈ کے حوالے سے خبردار کیا ہے، جس میں ہیکرز ایک مخصوص کوڈ کے ذریعے صارفین کی کالز اور حساس مالی معلومات تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فراڈ کال فارورڈنگ اسکیم کے نام سے سامنے آیا ہے، جس میں صارفین کو بغیر کسی ایپ یا او ٹی پی شیئر کیے نشانہ بنایا جاتا ہے۔دھوکہ دہی میں ملوث افراد خود کو بینک نمائندہ، کسٹمر سروس یا ڈیلیوری ایجنٹ ظاہر کر کے صارفین کو فون کرتے ہیں اور کسی تکنیکی مسئلے کا بہانہ بنا کر انہیں ایک مخصوص کوڈ ڈائل کرنے پر آمادہ کرتے ہیں، جیسے 21# یا 401#۔ صارف کی لاعلمی میں یہ عمل کال فارورڈنگ کو فعال کر دیتا ہے۔اس کے بعد متاثرہ شخص کی آنے والی کالز، پیغامات اور حتی کہ او ٹی پی بھی کسی اور نمبر پر منتقل ہونا شروع ہو جاتے ہیں، جس سے ہیکرز کو بینک اکانٹس اور دیگر حساس معلومات تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔