کراچی (عبدالماجدبھٹی) ایک سرکاری افسر اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اسامہ شیرون نیازی کو ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز میں اہم ذمے داری دینے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے گذشتہ دنوں انڈر17 کوچز کے ساتھ ایک میٹنگ میں بھی شرکت کی تھی ۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسامہ نیازی ڈومیسٹک کرکٹ میں کام شروع کریں گے۔ انہیں مسقبل میں جنرل منیجر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق اسامہ شیرون نیازی، سی ڈی اے میں ٹرانسفر ہونے والے عبداللّٰہ خرم نیازی کے بھائی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت بورڈ کا کوئی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ نہیں ہے، ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ کا بھی عہدہ خالی ہے۔ مستقبل میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کا عہدہ خالی رہے گا۔ سینئر جنرل منیجر جنید ضیاء بدستور کام کرتے رہیں گے۔ بورڈ چیف محسن نقوی کی منظوری کے بعد نئے جی ایم کی تقرری حکومت پاکستان کرے گی۔