ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال میں زیر تعمیر 100 بیڈڈ کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین سائیکلوٹرون پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی و تنصیبی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 100 بیڈز پر مشتمل کینسر ہسپتال کے لیے مکمل فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں،کمشنر نے منصوبے کو ہر صورت 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ ڈیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹ سکین و سائیکلوٹرون مشین کی سول ورک مکمل ہو چکی ہے جبکہ مشینری بھی انسٹال کی جا چکی ہے۔ صرف دو اہم کمپوننٹس، ہاٹ سیل اور ایلیویٹرز کی تنصیب باقی ہے۔مزید بتایا گیا کہ ہاٹ سیل دبئی پورٹ پر موجود ہے جس کی تنصیب 15 مئی 2026 تک مکمل کر لی جائے گی، جبکہ ایلیویٹرز کراچی پورٹ پر پہنچ چکے ہیں اور ان کی تنصیب 10 مئی 2026 تک متوقع ہے۔کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین پراجیکٹس کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کر کے عوام کو جلد از جلد معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔