ملتان (سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے عالمی یوم ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کی طرح بہاول پور میوزیم میں بھی عالمی یوم ورثہ منایا گیاجس کا مقصد آثار قدیمہ و باقیات سمیت مذہبی ، ثقافتی اور تمدنی عمارات کی بحالی و حفاظت کو یقینی بنانا اور ان مقامات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ امسال عالمی ورثے کے دن کا موضوع تنازعات اور آفات کے تناظر میں زندہ ورثے کے لیے ہنگامی ردعمل ہے جو عالمی ورثے کو ناگہانی بحرانوں سے بچانے پر توجہ مرکوز کرنے کا پابند بنا رہا ہے۔ میوزیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسوں ، سیمنار ، نمائشوں اور طلبہ وطالبات کے درمیان آرٹ کے مقابلہ جات کے زریعے ان تاریخی عمارات کو ماڈل میکنگ اور رنگوں کی مدد سے اجاگر کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے میوزیم کی آثار قدیمہ گیلری میں پاکستان اور بہاول پور کے تاریخی ورثہ پر بنائی گئی ڈاکومینٹری دیکھائی گئی۔ اس موقع پر آفیسر تعلقات عامہ نادیہ نورین نے سٹوڈنٹس کو اس دن کو منانے کے مقصد و اہمیت بارے بریف کیا ۔