ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے ملتان کا دورہ کیا اور کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مواضعات کی ڈیجیٹالائزیشن، کھیوٹ، میوٹیشن اور دیگر ریونیو امور پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے بتایا کہ صوبے بھر میں 25 ہزار سے زائد کھیوٹ ایشوز کو حل کیا جا رہا ہے جبکہ 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد میوٹیشن ایشوز اور 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد مسنگ میوٹیشن کے مسائل درپیش ہیں جن کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں،اکرام الحق نے کہا کہ ریونیو کورٹس منیجمنٹ سسٹم میں افرادی قوت اور آلات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی جبکہ رہائشی کالونیوں کی رجسٹریشن کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیز منیجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس میں ایم ڈی اے اور کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے، پراپرٹی کی شفاف خرید و فروخت کیلئے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم بھی لانچ کر دیا گیا ہے۔ آن لائن پراپرٹی پورٹل پر تمام متعلقہ ادارے رپورٹنگ کریں گے جبکہ ضلع لودھراں کو جلد 100 فیصد ڈیجیٹائز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔