لاہور(آصف محمود بٹ ) سابق نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاکستان، خصوصاً بلوچستان اور گوادر کی اسٹریٹجک اور معاشی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں علاقائی اور عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب ہوگا، پاکستان کو ایک بفر زون کے طور پر دیکھا جاتا رہا ، افغانستان کے ساتھ طویل تنازعات نے بھی پاکستان کو براہ راست متاثر کیا،عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب،بھارت کو وسطی ایشیا تک پاکستان کے سوا کوئی راستہ میسر نہیں۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گوادر پورٹ کی اسٹریٹیجک اہمیت بڑھ رہی ہے ، پاکستان کی معیشت میں اس کا کلیدی کردار ہوگا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے مزید کہا کہ بلوچستان اور گوادر پاکستان کو مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، چین اور یورپ کے ساتھ جوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معیشت میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تجارتی اور توانائی کے بڑے راستے پاکستان سے گزریں گے، جس سے پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔لاہور چیمبر میں منعقدہ اس سیشن میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ لاہور چیمبر اور گوادر جمخانہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔