کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ گندم خریداری مہم کاشتکاروں کی معاونت اور صوبے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔ ہمارے کاشتکار ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ہم منصفانہ قیمت، بروقت ادائیگی اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے ان کی معاونت جاری رکھیں گے۔پیر کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے سال 2026 کی جاری گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا اور اسکیم کے تحت رجسٹرڈ چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ بوری کی حد ختم کرتے ہوئے اپنی مرضی کے مطابق گندم فراہم کرنے کی اجازت دے دی۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت دی کہ خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے، کاشتکاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں اور صوبائی ہدف کے حصول کے لئے فیلڈ سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔اجلاس میں وزیر اطلاعات شرجیل میمن، اعلیٰ حکام اور سندھ بینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔