کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں گورنر ہاؤس متصل باغ جناح کی "بارہ دری" خواتین بچوں اور صرف فیملیز کیلئے مخصوص ہے مگر حالیہ دنوں میں یہاں شادی کی بڑی بڑی تقریبات کی اجازت دی گئی ہے جس سے نہ صرف پورا ماحول تباہ ہوا بلکہ گھاس اور فوارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور بارہ دری کتوں بلیوں اور کووں کا مسکن بن گئی ہے۔ تقاریب منعقد کرنے والے صفائی نہیں کرتے، کچراپودوں کے پیچھے چھپا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے جگہ جگہ کچرا کونڈیاں وجود میں آگئی ہیں۔ اسٹیج کی منظر کشی کیلئے کئی مقامات پر بڑے بڑے پودے بھی کاٹ دیے گئے۔ جبکہ ریڈ کارپٹس اور کالین بچھانے سے گھاس خشک ہوگئی۔ اس نمائندے نے ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا تو گھاس پر گھر بنائے بیٹھے کتوں نے حملہ کردیا جبکہ باقیات کھانے میں مصروف کووں کو بھی ناگوار گزرا اور ویڈیوز تصاویر بنانے سے انہیں اڑنا پڑا۔ ماہ رمضان میں یہاں گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں کیلئے بازار بھی سجایا گیا تھا جو ناکام رہا۔