کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج، جیو پولیٹیکل صورتحال کے بارے بے یقینی، مسلسل متضاد اطلاعات اور خدشات کے باعث مارکیٹ میں زبردست اتار چڑھاؤکے بعد مندی کا رحجان،کے ایس ای100انڈیکس میں 1742 پوائنٹس کی کمی، ایک لاکھ 73 ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہی، 65.36فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، سرمایہ کاری مالیت 189ارب 92 کروڑ 5 لاکھ روپے کم ہو گئی،کاروباری حجم بھی 10.02فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق ایران امریکا جنگ کے بارے غیر یقینی،تیل کی قیمتوں میں اضافے،ایران کی جانب سے مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے انکار اور امریکا کی طرف سے ایک ایرانی کارگو جہاز کو ضبط کیے جانے سے کشیدگی میں اضافے سے نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں بھی زبردست اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ،پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوالیکن کچھ دیر بعد صوتحال تبدیل ہو ئی اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہو گئی اور انڈیکس 584 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس سے بڑھ گیا لیکن دوپہر کے بعد ایک بار پھر فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس سے مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی ۔