راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے امپورٹڈ زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروحت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار کلو سے زائد مضرِ صحت سامان برآمد کرکے تلف کر دیا۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں کی گئی جہاں چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں امپورٹڈ برانڈز کی ایکسپائرڈ اشیاء برآمد ہوئیں۔ ضبط کیے گئے سامان میں چاکلیٹس، ٹافیاں، چپس اور مختلف فلیورڈ سرپ شامل تھے۔ برآمد ہونے والی اشیاء نہ صرف زائد المیعاد تھیں بلکہ ان کی ایکسپائری تاریخ میں ردوبدل بھی کیا جا رہا تھا تاکہ انہیں دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تمام سامان راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام 10 ہزار کلو مضرِ صحت اشیاء کو ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا جبکہ ملوث افراد کے خلاف ایکسپائری تاریخ میں ردوبدل اور عوامی صحت سے کھیلنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔