ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان‘ خانیوال‘ وہاڑی اور لودھراں میں ریسٹورنٹس‘ ملک شاپس‘ بیوریجز یونٹس‘ سویٹس یونٹس‘ میٹ شاپس اور پاپڑ فیکٹری کی انسپکشن‘ لودھراں میں آٹا چکی کی اصلاح تک پروڈکشن بند‘ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے‘ 10کلو مضر صحت گوشت‘ 25لیٹر ناقص مشروبات اور 17کلو مصالحہ جات تلف کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اکبر روڈ ریلوے سٹیشن کے قریب چکن شاپ کو فریزر میں بدبودار گوشت کی سٹوریج پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح محلہ کوٹ ربنواز، مال آف ملتان، شالیمار کالونی میں 4 فوڈ پوائنٹس کو کھانوں کی تیاری میں مضر صحت مصالحہ جات کا استعمال کرنے پر مجموعی طور پر 85 ہزار روپے، پل ٹھوکر کے قریب پاپڑ فیکٹری کو آئل کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر، خام مال پر لیبلنگ نہ ہونے پر 50 ہزار روپے، تلمبہ روڈ میاں چنوں میں وائر ہاؤس کو ایکسپائرڈ خوراک کی موجودگی پر 35 ہزار اور گلی نمبر 7 نزد بابا غنی ڈیرہ محلہ امجد ٹاؤن بورے والا میں بیکری کو بیکری آئٹمز کی تیاری میں ناقص مصالحہ جات کا استعمال کرنے پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاؤہ ازیں کہروڑ پکا میں گرائنڈنگ یونٹ کا سیمپل فیل ہونے پر اصلاح تک کام سے روک دیا گیا۔