ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹیوآفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان ذوالفقار احمد نے شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر اور شہری ماحول کو مثالی بنانے کے حوالے سے تاجر برادری کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا،سی ای او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ شہر میں صفائی و ستھرائی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے اور اگر تاجر برادری مکمل تعاون کرے تو ملتان کو صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنایا جا سکتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ شہری اور تاجر برادری مثالی صفائی کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں، اس سلسلے میں کمپنی کی جانب سے مرکزی بازاروں میں نئے ڈسٹ بن اور کنٹینرز کی تنصیب کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ کوڑا کرکٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے اور شہر کا مثبت امیج اجاگر ہو،انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جا رہا ہے،اجلاس میں صدر ملتان سٹی عارف فصیح اللہ سمیت گل باغ، گردیزی مارکیٹ، بوسن روڈ اور دیگر تجارتی مراکز کے نمائندگان نے شرکت کی۔