ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ایونیو پر غیر قانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان ایونیو پر غیر قانونی و بغیر منظور شدہ عمارتوں اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو منصوبہ حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ایک سٹیٹ آف دی آرٹ روڈ ہے جسے جدید کارپٹڈ روڈ، گرین بیلٹس، پارکنگ بیز اور سروس روڈز کیساتھ ڈویلپ کیا جا رہا ہے‘ انہوں نے واضح کیا کہ نقشہ منظوری، سیٹ بیک اور کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔کمشنر ملتان ڈویڑن عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ سروس روڈز پر قائم غیر قانونی ریمپ، داخلی راستے اور تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے ایم ڈی اے اور ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ ملتان ایونیو پر قائم تمام غیر قانونی عمارتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ اجلاس میں انفورسمنٹ کو موثر بنانے کیلئے خصوصی پٹرولنگ یونٹ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی کٹس، انکروچمنٹ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عطاءالحق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملتان ڈویڑن مبشر الرحمان اور دیگر افسران موجود تھے۔